کراچی(رم نیوز) معروف پاکستانی اداکارہ جویریہ عباسی نے معاشرے میں کامیاب اور خود مختار خواتین کے ساتھ روا رکھے جانے والے دہرے معیار پر کھل کر آواز اٹھائی ہے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے کی یہ تلخ حقیقت ہے کہ یہاں پراعتماد اور کامیاب عورت کو ‘بری عورت’ کا لیبل لگا دیا جاتا ہے اور مردوں کے مقابلے میں ان پر زیادہ سختی سے تنقید کی جاتی ہے۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ جو خواتین روایتی سماجی توقعات کے مطابق زندگی گزاریں، انہیں تو مثالی اور نیک مانا جاتا ہے، لیکن جو اپنے خوابوں اور اہداف کے لیے جدوجہد کریں، انہیں منفی انداز میں دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ دوسروں کو مطمئن کرنے کے لیے اپنی خواہشات اور صلاحیتوں کا گلا نہ گھونٹیں۔ انٹرویو کے دوران جویریہ عباسی نے سوشل میڈیا پر اپنی ذاتی زندگی، شادیوں اور لباس کے انتخاب پر ہونے والے منفی تبصروں پر بھی گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ دوسروں کے ایسے ذاتی فیصلوں پر تنقید کرنا اپنا حق سمجھ لیتے ہیں جن کا ان کی اپنی زندگی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ انہوں نے اس مائنڈ سیٹ کو مسترد کیا جس کے تحت خواتین سے ہر وقت خاموش، محدود اور معذرت خواہ رہنے کی توقع کی جاتی ہے۔





